تھائی لینڈ: بنکاک میں زمین دھنسنے کا ہولناک واقعہ، علاقہ زیر آب آ گیا

بنکاک – تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں زمین اچانک دھنسنے کا ایک غیر معمولی واقعہ پیش آیا، جس نے شہریوں کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔ واقعہ صبح کے وقت پیش آیا جب ایک مرکزی سڑک اچانک بیٹھ گئی، جس کے نتیجے میں گاڑیاں اور بجلی کے کھمبے گہرے گڑھے میں جا گرے۔
واقعے کے بعد علاقے میں بجلی اور پانی کی فراہمی معطل ہو گئی، جب کہ ایک زیر زمین پائپ لائن پھٹنے کے باعث تیز رفتاری سے پانی بہنے لگا، جس سے اردگرد کا علاقہ زیر آب آ گیا۔
مقامی شہریوں اور عینی شاہدین نے اس واقعے کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیں، جن میں زمین کا لمحوں میں دھنس جانا اور لوگوں کا محفوظ مقامات کی جانب دوڑنا دیکھا جا سکتا ہے۔ گڑھے کے کنارے پر لٹکی ایک کار کو ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے نکال لیا۔
حکام نے فوری طور پر علاقے کو سیل کر کے امدادی کارروائیاں شروع کر دی ہیں۔ خوش قسمتی سے واقعے میں کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا، تاہم چند افراد کو معمولی چوٹیں آئیں۔
ابتدائی معلومات کے مطابق زمین کے نیچے موجود بنیادی ڈھانچے میں خرابی یا پرانی پائپ لائنز اس واقعے کی ممکنہ وجہ ہو سکتی ہیں۔ ماہرین صورتحال کا جائزہ لے رہے ہیں اور مکمل تحقیقات جاری ہیں۔









