تقریب کے دوران دل کا دورہ، رقص کرتی خاتون زندگی کی بازی ہار گئی

پنجاب میں کروا چوتھ کی تقریب کے دوران رقص کرتی خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں
بھارتی پنجاب میں کروا چوتھ کے موقع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ایک خاتون رقص کے دوران اچانک زمین پر گر پڑیں اور دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گئیں۔
59 سالہ خاتون آشا رانی، اپنے شوہر اور پوتی کے ہمراہ ایک رشتہ دار کے گھر کروا چوتھ کی تقریب میں شریک تھیں۔ چاند نکلنے سے قبل خواتین کی جانب سے گانوں پر رقص کیا جا رہا تھا، جس میں آشا رانی بھی خوشی خوشی شریک تھیں۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پیلی ساڑھی میں ملبوس آشا رانی رقص کے دوران اچانک زمین پر گر جاتی ہیں۔ قریب موجود خواتین نے فوراً مدد کی کوشش کی اور انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، مگر وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
ویڈیو میں پس منظر میں چلنے والا گانا “خوشیاں منالو، پتا نہیں کل کا کیا ہو” لوگوں کو خاص طور پر متاثر کر رہا ہے، جو واقعے کے ساتھ ایک تلخ سچائی بن گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر صارفین کی بڑی تعداد نے اس واقعے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کئی افراد نے اسے زندگی کی ناپائیداری کی علامت قرار دیا ہے۔