بین الاقوامی تنظیم کا ٹرمپ امن منصوبے پر تحفظات کا اظہار

فلسطین کے حقوق کے لیے سرگرم بین الاقوامی تنظیم “انٹرنیشنل سینٹر آف جسٹس فار فلسطین” (آئی سی جے پی) نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غزہ سے متعلق امن منصوبے کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
تنظیم کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ منصوبہ نہ تو انصاف فراہم کرتا ہے اور نہ ہی احتساب کو یقینی بناتا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ ٹرمپ کا منصوبہ سطحی اور نوآبادیاتی ذہنیت کی عکاسی کرتا ہے، جو فلسطینی عوام کی امنگوں اور خواہشات کو نظرانداز کرتا ہے۔
آئی سی جے پی کا کہنا ہے کہ منصوبے میں اسرائیلی قبضے کی بنیادی وجوہات کو نظرانداز کیا گیا ہے اور اس میں انخلا سے متعلق کسی واضح طریقہ کار کا ذکر نہیں کیا گیا، جو اس کی سنجیدگی پر سوال اٹھاتا ہے۔
تنظیم نے خبردار کیا کہ اس منصوبے کو اسرائیل امن عمل کو تاخیر کا شکار بنانے کے لیے استعمال کر سکتا ہے۔ مزید برآں، تنظیم نے “بورڈ آف پیس” میں سابق برطانوی وزیرِ اعظم ٹونی بلیئر جیسے شخصیات کی شمولیت پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے۔









