بھارت کی دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں، پاکستان دفاع کے لیے مکمل تیار ہے: سکیورٹی ذرائع

0
110
بھارت کی دھمکیاں محض گیدڑ بھبھکیاں ہیں، پاکستان دفاع کے لیے مکمل تیار ہے: سکیورٹی ذرائع

اسلام آباد: سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے دی جانے والی حالیہ دھمکیاں بے بنیاد اور محض سیاسی بیان بازی ہیں، پاکستان کی مسلح افواج ملک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

ذرائع نے کہا کہ اگر بھارت نے دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی تو اسے سخت جواب دیا جائے گا۔ ’’ہم جانتے ہیں بھارت کو کس طرح ہینڈل کرنا ہے، اور اگر ضرورت پڑی تو پہلے سے زیادہ مؤثر انداز میں جواب دیا جائے گا۔‘‘

دفاعی تیاری اور بھارت کی سرگرمیاں

سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کی جانب سے دفاعی اخراجات میں اضافہ کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، پاکستان کو اس کے اسلحہ خریدنے کے معاملات کی مکمل معلومات حاصل ہیں۔ بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو غیر سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی باتوں پر یقین نہیں کیا جا سکتا۔

کشمیر، فلسطین اور خارجہ پالیسی

ذرائع کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کی حالیہ صورتحال کا کریڈٹ سیاسی قیادت کو جاتا ہے، تاہم اس معاملے کو اس نہج تک نہیں جانا چاہیے تھا۔ کشمیری عوام ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ فلسطین کے حوالے سے بھی پاکستان کا مؤقف واضح اور غیر متزلزل ہے، اور اسرائیل سے متعلق مؤقف میں کوئی تبدیلی ممکن نہیں۔

سعودی عرب سے دفاعی معاہدہ اور معاشی امکانات

سکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی معاہدہ نہایت اہمیت کا حامل ہے، جو دفاعی کے ساتھ ساتھ اسٹریٹیجک اور معاشی شراکت کا حصہ ہے۔ بلوچستان میں پسنی پورٹ سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں میں عالمی دلچسپی بڑھ رہی ہے، اور پاکستان معدنیات کے شعبے میں بین الاقوامی کمپنیوں سے روابط قائم کر رہا ہے۔

دہشت گردی کے خلاف آپریشنز

نیشنل ایکشن پلان کے تحت جاری کارروائیوں کے بارے میں بتایا گیا کہ رواں سال 15 ستمبر تک 1422 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں جبکہ 57 ہزار سے زائد انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کیے گئے۔ ان میں افغانستان سے تعلق رکھنے والے 118 دہشت گرد بھی مارے گئے۔ ذرائع کے مطابق افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال ہو رہی ہے اور اس پر افغان حکومت کو متعدد بار آگاہ کیا جا چکا ہے۔

اندرونی سلامتی اور ادارہ جاتی مؤقف

ذرائع کا کہنا تھا کہ جنرل (ر) فیض حمید کے خلاف فیلڈ جنرل کورٹ مارشل کی کارروائی جاری ہے، جس میں تمام قانونی تقاضے پورے کیے جا رہے ہیں۔ فوج کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی رابطہ نہ تھا، نہ ہے اور نہ ہوگا، اور تمام سیاسی معاملات سیاسی جماعتوں کے درمیان ہی طے ہونے چاہئیں۔ 9 مئی کے کیسز کا فیصلہ عدالتوں کے ذریعے ہوگا۔

اسمگلنگ پر قابو اور معاشی بہتری

بلوچستان میں اسمگلنگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور اب قانونی طریقے سے ڈیزل کی درآمد ہو رہی ہے، جسے ایک بڑی کامیابی قرار دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان خطے میں امن کے لیے مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ اولین ترجیح ہے۔

Leave a reply