بھارت کو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس زبان میں وہ بات کرے گا: شہباز شریف

0
106
بھارت کو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا جس زبان میں وہ بات کرے گا: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب میں کہا ہے کہ پاکستان کشمیر کو اپنی شہ رگ سمجھتا ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت جارحانہ رویہ اختیار کرے گا تو اسے اسی سطح پر جواب دیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماضی میں بھارت کو شدید ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا ہے اور اب وہ مختلف حربوں کے ذریعے خطے میں بدامنی پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم جب تک بھارت ایسی سرگرمیاں ترک نہیں کرتا، خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشمیر اور فلسطین کے معاملات پر اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت دینا ہے، اور بھارت کے پاس اس کے سوا کوئی قابلِ عمل راستہ باقی نہیں رہا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور پاکستان سفارتی و دفاعی محاذ پر بھارتی مؤقف کا مؤثر جواب دیتا رہے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے، لیکن یہ امن انصاف اور برابری کے بغیر ممکن نہیں۔
خطاب کے دوران وزیراعظم نے کشمیری مہاجرین کے لیے ریلیف اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے ماہانہ وظیفہ تین ہزار روپے سے بڑھا کر چھ ہزار روپے کرنے کی منظوری دی، جبکہ آزاد کشمیر کے ہونہار طلبہ کے لیے خصوصی تعلیمی فنڈز کے اجرا کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم نے بیرسٹر سلطان محمود کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد کو نئی توانائی ملی ہے اور اب کوئی طاقت اسے دبانے میں کامیاب نہیں ہو سکتی۔

Leave a reply