بھارت کا دفاعی راز بے نقاب؟ آرمی چیف نے پاکستان کی سیٹلائٹ نگرانی تسلیم کر لی

بھارتی آرمی چیف جنرل اُپندر دویدی نے کہا ہے کہ آپریشن سندور کے دوران پاکستان کو سیٹلائٹ ذرائع کے ذریعے بھارتی فوجی نقل و حرکت سے متعلق معلومات حاصل تھیں۔
نئی دہلی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل اُپندر دویدی نے بتایا کہ پاکستان کو یہ علم تھا کہ بھارتی فوج کے کون سے جہاز، طیارے اور یونٹس کس مقام پر موجود ہیں اور کس سمت میں حرکت کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق یہ معلومات سیٹلائٹ سسٹمز کے ذریعے حاصل کی جا رہی تھیں۔
پریس کانفرنس کے دوران بھارتی آرمی چیف نے جموں و کشمیر کی صورتحال پر بھی بات کی اور کہا کہ اگرچہ حالات حساس نوعیت کے ہیں، تاہم بھارتی فورسز کے مطابق صورتِ حال قابو میں ہے۔
جنرل اُپندر دویدی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین نے اپنی راکٹ فورسز کو مضبوط کیا ہے، جس کے پیش نظر بھارت کو بھی اپنی دفاعی صلاحیتوں میں اضافہ کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بدلتے ہوئے سیکیورٹی چیلنجز کے تناظر میں جدید ٹیکنالوجی اور اسٹریٹجک تیاری وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے۔








