
بھارت نے ڈیم بنایا تو اسے تباہ کر دیں گے، وزیر دفاع
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت نے پاکستان کا پانی روکنے کے لیے کوئی اسٹرکچر بنایا تو پاکستان اسے تباہ کر دے گا، انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کوئی آسان بات نہیں، اگر بھارت نے یہ کیا تو یہ اعلانِ جنگ سمجھا جائے گا، انہوں نے دوٹوک لہجے میں کہا کہ اگر معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی تو پاکستان اس اسٹرکچر پر حملہ کرنے سے گریز نہیں کرے گا۔
ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ بھارت نے پہلگام واقعے سے متعلق کوئی ثبوت فراہم نہیں کیا، اور اب وہ اپنے ہی جھوٹے بیانیے کا شکار ہو رہا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی نائب صدر نے بھارت کے لیے عزت بچانے کا راستہ دکھایا ہے، لیکن اگر بھارت نے اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کوئی ناپسندیدہ حرکت کی، تو پاکستان اس کے منہ پر کالک لگا دے گا۔









