بھارت نے دریائےستلج میں مزیدپانی چھوڑدیا، اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ

0
65

لاہور: بھارت کی جانب سے دریائے ستلج میں مزید پانی چھوڑے جانے کے بعد پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بھارتی حکام نے پاکستان کو بروقت اس حوالے سے مطلع کر دیا ہے۔

پاکستان کی وزارت آبی وسائل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریا میں پانی کی سطح میں اضافے کے پیش نظر اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کیا ہے۔ حکام کے مطابق فیروزپور زیریں اور ہریکے زیریں کے مقامات پر پانی کی سطح خطرے کی حد کو عبور کر چکی ہے، اور آنے والے دنوں میں اس میں مزید اضافہ متوقع ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام کو محتاط رہنے اور حفاظتی اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ فی الحال لاہور، گنڈا سنگھ، اور راوی کے قریب پانی کی سطح کم ہو رہی ہے، تاہم ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کے علاقوں میں پانی کی سطح تاحال بلند ہے، جس پر نظر رکھی جا رہی ہے۔

حکام نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔

Leave a reply