
پنجاب: بھارتی پنجاب پولیس نے بیرونِ ملک مقیم گینگسٹر ستیندر جیت سنگھ المعروف گولڈی برار کے والد شمشیر سنگھ اور والدہ پریت پال کور کو 2024 کے بھتہ خوری کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں والدین مکسر ضلع کے آدیش نگر علاقے میں اپنے گھر میں مقیم تھے اور ان کا تعلق ضلع فریدکوٹ سے ہے۔
یہ مقدمہ 2024 میں مکسر کے ایک شہری کی شکایت پر درج کیا گیا تھا، جس میں بیرونِ ملک مقیم تقریباً 60 گینگسٹرز اور ان کے 1200 ساتھیوں کے نیٹ ورک اور 600 اہلِ خانہ کے افراد کی شناخت کی گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق گولڈی برار 2022 میں مشہور پنجابی گلوکار سدھو موسے والا کے قتل کے مرکزی ملزمان میں شامل تھا اور اس نے اس قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ گولڈی برار اس وقت امریکہ میں موجود ہے اور 2017 میں اسٹڈی ویزے پر کینیڈا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ لارنس بشنوئی گینگ کا حصہ تھا لیکن گزشتہ سال اس نے علیحدگی اختیار کی اور برار، روہت گودارا اور کالا جتھیڑی گینگ سے وابستہ ہو گیا۔
بھارتی حکومت نے 2024 میں گولڈی برار کو غیر قانونی سرگرمیوں، سرحد پار سے ڈرون کے ذریعے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد لانے اور بھارت میں قتل کی وارداتوں میں ملوث ہونے کے الزامات کے تحت دہشتگرد قرار دیا تھا۔









