بھارتی فوج کے سربراہ نے ملکی دفاعی صنعت پر شدید تحفظات کا اظہار کردیا

نئی دہلی: بھارتی چیف آف ڈیفنس اسٹاف (سی ڈی ایس) جنرل انیل چوہان نے ملکی دفاعی صنعت پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج کو اسلحہ اور ساز و سامان بروقت فراہم نہیں کیا جاتا، جس سے “میک اِن انڈیا” پروگرام کے دعوے عملی طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
جنرل انیل چوہان نے بتایا کہ فوج کئی برسوں سے یہ شکایت کر رہی ہے کہ مقامی دفاعی صنعت کے ساتھ کیے گئے معاہدے وقت پر پورے نہیں کیے جاتے۔ انہوں نے کہا، “آپ معاہدے کرتے ہیں لیکن وقت پر ڈیلیور نہیں کرتے، یہ ہماری صنعتی صلاحیت کے لیے نقصان دہ ہے۔”
سی ڈی ایس نے دفاعی کمپنیوں کے دعوؤں پر بھی سوال اٹھایا اور کہا کہ اکثر کمپنیاں دعویٰ کرتی ہیں کہ ان کے ساز و سامان کا 70 فیصد حصہ مقامی ہے، لیکن حقیقت اس کے برعکس ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اگر ملک پائیدار دفاعی خودکفالت حاصل کرنا چاہتا ہے تو صنعت کو اپنی حقیقی صلاحیت کے بارے میں شفاف ہونا ہوگا۔
جنرل چوہان نے دفاعی صنعت کی منافع پر مبنی رویے پر بھی تنقید کی اور کہا، “ملک کی سلامتی کو منافع پر ترجیح دینا ناقابل قبول ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ آپ کی کاروباری کوششوں میں کچھ حب الوطنی اور قومی فہم بھی شامل ہو۔”
ان کے مطابق اگر دفاعی صنعت اپنی کمزوریوں کو چھپاتی رہے گی تو بھارت کی مستقل دفاعی خودکفالت ممکن نہیں ہوگی









