
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے بھارتی رجسٹرڈ طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں نیا نوٹم جاری کر دیا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق بھارتی طیاروں پر عائد پابندی کی مدت میں مزید توسیع کر دی گئی ہے، جو اب 24 فروری صبح 5 بجے تک مؤثر رہے گی۔ اس پابندی کا اطلاق بھارتی ایئرلائنز کی ملکیت، زیرِ استعمال یا لیز پر حاصل کیے گئے تمام طیاروں پر ہوگا، جن میں فوجی پروازیں بھی شامل ہیں۔
پی اے اے حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ سیکیورٹی اور انتظامی تقاضوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ نوٹم کے اجرا کے بعد بھارتی رجسٹرڈ طیارے مقررہ مدت تک پاکستان کی فضائی حدود استعمال نہیں کر سکیں گے۔
یاد رہے کہ مئی 2025 میں پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان سیز فائر کے باوجود اس پابندی میں اب تک آٹھ مرتبہ توسیع کی جا چکی ہے۔








