بھارتی انفلوئنسر کو ’پری ویڈنگ شوٹ ’ مہنگا پڑگیا

ہاٹ لائن نیوز : آریہ وورا اپنا ڈریم شوٹ کروانا چاہتی تھی، مگر یہ سب کچھ اسے بہت مہنگا پڑا کیونکہ وہ سردی کی شدید لہر کی زد میں آ گئی اور جان پر بن آئی، سوشل میڈیا صارفین نے اس شوٹ کو حماقت کی انتہا قرار دیا، تبصروں میں آریہ وورا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ہر معاملے میں دکھاوا بہت بڑھ گیا ہے، لوگ بہت زیادہ شو آف کرنا چاہتے ہیں۔
آریہ وورا نے منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ ماحول میں بغیر آستین کا گاؤن پہن کر شوٹ مکمل کروایا، آریہ اور اس کا پارٹنر اپنے پری ویڈنگ شوٹ کو یادگار بنانا چاہتے تھے لیکن اس چکر میں وہ خود یادگار بنتے بنتے رہ گئی۔
انسٹا گرام پر پوسٹ کی جانے والی تصویروں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آریہ وورا سردی میں کمبل اوڑھے کھڑی ہے، تصویر کا کیشپن ہے ’منفی 22 سینٹی گریڈ میں پری ویڈنگ شوٹ کرتے ہوئے!‘
ایک تصویر میں دیکھا گیا ہے کہ سردی کا اثر کم کرنے کے لیے اس کے ہاتھ پر ایسڈ ڈالا گیا ہے،منفی 22 ڈگری سینٹی گریڈ سردی نے اس کی ہڈیوں کو جھنجھوڑ ڈالا، تنقید کرنے والوں کا کہنا تھا کہ چند سیکنڈز کی وڈیو اور کچھ تصویروں کے لیے اپنی زندگی کو داؤ پر لگانا حماقت کے سوا کچھ بھی نہیں،بہرحال آریہ اور اس کے منگیتر رنجیت سری نواس اور اُن کے دوستوں نے یہ پری ویڈنگ شوٹ کسی نہ کسی طرح مکمل کروا ہی لیا تھا۔









