“بھارتی افسران اور غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی میں ملوث ہیں: ترجمان پاک فوج”

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس ایسے مستند شواہد موجود ہیں جن سے واضح ہوتا ہے کہ غیر قانونی افغان باشندے اور بھارتی فوجی افسران پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
ایک غیر ملکی جریدے کو دیے گئے انٹرویو میں ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے چالیس برس تک افغان مہاجرین کی میزبانی کی، لیکن اب وہ بنیادی وجوہات جن کی بنیاد پر ان مہاجرین کو پناہ دی گئی تھی، یعنی غیر ملکی مداخلت اور خانہ جنگی، اب باقی نہیں رہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے باقاعدہ اور منظم اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کے تحت افغان مہاجرین کی واپسی کی ڈیڈ لائن میں کئی بار توسیع کی، مگر اب شواہد سامنے آئے ہیں کہ غیر قانونی افغان باشندے دہشت گردی اور سنگین جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔
بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت میں پرتشدد واقعات وہاں کی حکومت کی انتہاپسندانہ پالیسیوں کا نتیجہ ہیں، اور نئی دہلی اپنے اندرونی مسائل کو بیرونی اور بیرونی مسائل کو اندرونی بنا کر دنیا کے سامنے پیش کر رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت ریاستی سرپرستی میں پاکستان میں دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے، اور اس حوالے سے بھارتی فوجی افسران کے کردار کے ثبوت پاکستان کے پاس موجود ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان نے بین الاقوامی فورمز پر بھارتی دہشت گردی کے شواہد متعدد بار پیش کیے ہیں، اور پاکستانی ریاست نے ہمیشہ غیر ریاستی عناصر کو بلا تفریق مسترد کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں کسی جیش یا مسلح گروہ کے لیے کوئی جگہ نہیں، اور جہاد کا اعلان صرف ریاست کا اختیار ہے۔
انہوں نے افغانستان میں امریکی انخلا کے بعد وہاں چھوڑے گئے اسلحے کے حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا، جس کا استعمال اب دہشت گردانہ کارروائیوں میں ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا خود بھی اس صورتحال پر تشویش ظاہر کر چکا ہے۔
بلوچستان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہاں مارے جانے والے کئی دہشت گرد نام نہاد “مسنگ پرسنز” کی فہرست میں شامل تھے، جبکہ امریکا نے کالعدم مجید بریگیڈ کو عالمی دہشت گرد تنظیم قرار دیا ہے۔
چین کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان قریبی، تعمیری اور اسٹریٹجک تعلقات قائم ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں صفِ اول کا کردار ادا کیا اور بے شمار قربانیاں دیں، جو دنیا بھر میں تسلیم کی جاتی ہیں۔