
بھارتی ریئلٹی شو بگ باس سیزن 19 کا اختتام جذبات اور سنسنی خیز لمحات کے ساتھ ہوا، جس میں ٹی وی اداکار گورو کھنہ نے فائنل جیت کر فتح کا تاج اپنے نام کرلیا۔ ان کی کامیابی کے ساتھ ہی انہیں 50 لاکھ روپے کا انعام بھی ملا۔
اس سیزن کا آغاز 24 اگست کو 18 شرکاء کے ساتھ ہوا تھا، اور تین ماہ تک جاری رہنے والے مقابلوں، دوستانہ تعلقات، اور حکمتِ عملی پر مبنی فیصلوں نے شائقین کو مسلسل مشغول رکھا۔ وقت کے ساتھ، گھر میں تنازعات، بدلتے تعلقات اور نئے چیلنجز نے شائقین کے دلچسپی کو برقرار رکھا۔
ابتدائی دنوں میں گورو کھنہ کا رویہ خاموش اور محتاط رہا، جس کے باعث کچھ لوگ انہیں کمزور سمجھتے تھے، مگر ان کی سمجھداری اور حکمتِ عملی نے انہیں فائنل میں مضبوط امیدوار بنایا۔ دوسری پوزیشن پر فرحانہ بھٹ رہیں، جنہوں نے اپنی محنت، جوش اور خود اعتمادی سے ناظرین کے دل جیت لیے۔
فائنل کے موقع پر، میزبان سلمان خان نے بولی ووڈ کے لیجنڈ دھرمیندر کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اپنے یادگار لمحات شیئر کیے۔ سلمان خان نے دھرمیندر کے کردار کو اپنا ہیرو قرار دیا اور بتایا کہ دھرمیندر نے ان کی زندگی پر گہرا اثر چھوڑا۔
فائنل میں مرحلہ وار ووٹنگ کے دوران پہلے امّال ملک، پھر تانیا مِتل، اور بعد میں پرنت مور گھر سے باہر ہوئے۔ آخر میں، گورو کھنہ نے ٹرافی اپنے ہاتھوں میں اٹھائی اور بگ باس 19 کے فاتح کے طور پر ابھرے۔
یہ سیزن ڈرامہ، جذبات اور حکمتِ عملی کے امتزاج سے بھرپور رہا اور شائقین کے لیے ایک یادگار تجربہ چھوڑ گیا۔









