بنگلورو میں بینک کی وائی فائی کا نام ’پاکستان زندہ باد‘ ہونے پر ہنگامہ، پولیس کی تحقیقات شروع

0
165
بنگلورو میں بینک کی وائی فائی کا نام ’پاکستان زندہ باد‘ ہونے پر ہنگامہ، پولیس کی تحقیقات شروع

بھارتی ریاست کرناٹکا کے شہر بنگلورو میں ایک نجی بینک کی وائی فائی آئی ڈی اچانک ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے نام سے ظاہر ہونے پر بینک عملے اور شہریوں میں کھلبلی مچ گئی۔

اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ اس وقت سامنے آیا جب ایک مقامی شہری نے بینک کے قریب وائی فائی نیٹ ورک اسکین کرتے ہوئے مشتبہ نام دیکھا اور فوراً پولیس کو اطلاع دی۔ اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے بینک انتظامیہ سے رابطہ کیا اور واقعے کی تفتیش شروع کردی۔

بینک حکام کا کہنا ہے کہ حال ہی میں وائی فائی نیٹ ورک کی مرمت اور سیٹنگ کے لیے ایک مقامی ٹیکنیشن کو بلایا گیا تھا، ممکن ہے اسی دوران نیٹ ورک کا نام تبدیل ہوا ہو۔ بینک کے مطابق، واقعہ بدنیتی پر مبنی نہیں لگتا، تاہم معاملے کی وضاحت کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق، شکایت موصول ہونے کے بعد ٹیکنیشن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی مگر اس کا فون بند ہے اور وہ فی الحال لاپتہ ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کر دی ہے۔

ابتدائی معلومات کے مطابق واقعہ میں کسی تنظیم یا گروہ کے ملوث ہونے کے شواہد تاحال نہیں ملے، تاہم حساس نعرے کے استعمال کے باعث معاملے کو سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔

Leave a reply