بلوچستان میں پہلی بار سرکاری بھرتیوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال

0
62
بلوچستان میں پہلی بار سرکاری بھرتیوں میں مصنوعی ذہانت کا استعمال

بلوچستان نے پاکستان میں ایک تاریخی پیش رفت کرتے ہوئے سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے عمل کو پہلی بار مکمل طور پر مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے انجام دیا۔ صوبائی محکمۂ خزانہ میں سب اکاؤنٹنٹس کی 100 سے زائد آسامیوں کے لیے یہ عمل شفافیت، رفتار اور غیر جانبداری کی مثال بن گیا۔
18 جنوری کو ہونے والے اس تجربے میں امیدواروں کے امتحان، جانچ، شارٹ لسٹنگ اور تقرری کے احکامات تک کے تمام مراحل ایک AI نظام کے ذریعے خودکار طور پر مکمل کیے گئے۔ ہر امیدوار کو اسمارٹ ٹیبلٹ فراہم کی گئی اور انفرادی رول نمبر کے مطابق منفرد امتحانی پرچے تیار کیے گئے تاکہ کسی دو امیدواروں کو ایک جیسے سوالات نہ ملیں۔
امتحان کے فوری بعد ہی امیدوار کے نمبر مرکزی اسکرین پر دکھائے گئے، جس سے شفافیت اور اعتماد میں اضافہ ہوا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، سرفراز بگٹی نے کامیاب امیدواروں میں تقرری کے خطوط تقسیم کیے۔
اس نظام کے ڈیزائن اور نفاذ کا سہرا عمران زرقون کو جاتا ہے، جنہوں نے AI اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ کے اصولوں کے تحت ایک ایسا فریم ورک تیار کیا جو کم لاگت، تیز رفتار اور مکمل غیر جانبدار بھرتی کو ممکن بناتا ہے۔
یہ پیش رفت نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان میں سرکاری بھرتیوں کے روایتی طریقہ کار میں ایک نئی سمت متعارف کرانے کی مثال ہے۔

Leave a reply