بغداد میں امریکی خاتون صحافی اغوا، عراقی سیکیورٹی فورسز سرچ آپریشن میں مصروف

0
116
بغداد میں امریکی خاتون صحافی اغوا، عراقی سیکیورٹی فورسز سرچ آپریشن میں مصروف

بغداد میں ایک امریکی خاتون صحافی کو اغوا کر لیا گیا ہے، جس کے بعد عراقی سیکیورٹی فورسز نے اسے بازیاب کرانے کے لیے ایک وسیع سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ اغوا ہونے والی صحافی کا نام شیلی کٹلسن بتایا گیا ہے، جو فری لانس رپورٹر کے طور پر مشرقِ وسطیٰ کے حالات پر رپورٹنگ کرتی رہی ہیں۔
عراقی وزارتِ داخلہ نے واقعے کی تصدیق کی ہے اور سیکیورٹی حکام نے کہا ہے کہ اغوا ہونے والی خاتون امریکی شہری ہیں۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق یہ واقعہ بغداد کی مرکزی شاہراہ سعدون اسٹریٹ پر پیش آیا، جہاں سے مسلح افراد نے شیلی کٹلسن کو اغوا کیا۔
حکام کے مطابق اغوا کار دو گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔ تعاقب کے دوران ایک گاڑی الحصوہ کے قریب الٹ گئی، جس میں ایک مشتبہ شخص گرفتار کر لیا گیا، تاہم صحافی کو دوسری گاڑی میں منتقل کر کے اغوا کار فرار ہو گئے۔
عراقی فورسز نےتمام چیک پوسٹوں کو الرٹ دیا ہے اور انٹیلیجنس معلومات کیبنیاد پر اغوا کاروں کی تلاش جاری کردی ہے۔
امریکی دفترِ خارجہ نے اس واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ امریکی شہریوں کی حفاظت انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عالمی امور کے معاون امریکی وزیر خارجہ نے بتایا کہ گرفتار مشتبہ شخص کا تعلق ایران نواز ملیشیا ’کتائب حزب اللہ‘ سے ہے۔
مشرقی وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے پیش نظر، بغداد میں امریکی سفارت خانے نے پہلے ہی شہریوں کو اغوا کے خطرات سے آگاہ کیا ہوا ہے اور ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
ویب سائٹ ’ال مانیٹر‘، جس کے لیے شیلی کٹلسن کام کرتی رہی ہیں، نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور ان کی فوری اور محفوظ رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

Leave a reply