
پاکستان تحریک انصاف کےچیئرمین بیرسٹرگوہر خان نے کہاہےکہ وہ اس بات کی تردید کرتے ہیں کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کسی قسم کی ڈیل کیوجہ سے ہوئی۔
بیرسٹر گوہر خان نے اڈیالہ جیل راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بشریٰ بی بی کی رہائی کسی ڈیل کی وجہ سے نہیں ہوئی۔ ڈیل ہوتی تو وہ نو ماہ جیل میں نہ ہوتی اور عمران خان سولہ ماہ سے جیل میں نہ ہوتے۔ انہوں نے پچھلی ملاقات میں یہ بھی کہا تھا کہ اگر انہیں 100 سال بھی جیل میں رہنا پڑے تو وہ رہیں گے لیکن سمجھوتہ نہیں کرینگے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ بشریٰ بی بی کو خان صاحب اور بشریٰ بی بی پر دباؤ ڈالنے کے لیے جیل میں رکھا گیا لیکن الحمدللہ وہ سرخرو ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ خان صاحب کو بھی رہائی ملے گی اور یہ عدالت ہی کے ذریعے ہوگی اور میرٹ پر ہوگی۔ ڈیل کا نتیجہ کچھ نہیں نکلے گا۔ قانون پر عمل کیا جائے گا۔









