برطانیہ: پیس ہیون میں مسجد کو آگ لگا دی گئی

برطانیہ کے جنوبی ساحلی علاقے پیس ہیون میں ایک مسجد کو ہفتے کی شب آگ لگا دی گئی۔ واقعے کے وقت مسجد میں دو افراد موجود تھے، جو محفوظ رہے، تاہم مسجد کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔
مقامی وقت کے مطابق یہ واقعہ رات 10 بجے کے قریب پیش آیا، جب دو نقاب پوش افراد نے مسجد کے دروازے کو زبردستی کھولنے کی کوشش کی۔ ناکامی پر انہوں نے دروازے اور سیڑھیوں پر پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی۔ واقعے کی ویڈیو مسجد کے سکیورٹی کیمروں میں ریکارڈ ہو چکی ہے۔
پولیس نے ابتدائی تحقیقات کے بعد واقعے کو نفرت پر مبنی جرم قرار دیا ہے۔ حملہ آوروں نے مسجد کے باہر کھڑی ایک گاڑی پر بھی پٹرول پھینکا، تاہم بروقت کارروائی کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
مسجد انتظامیہ کے مطابق، اس سے قبل بھی عبادت گاہ کو نشانہ بنایا جا چکا ہے، جن میں گزشتہ برس انڈے پھینکنے اور توہین آمیز جملے کسنے جیسے واقعات شامل ہیں۔
حکام نے واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کر دی ہے اور سسیکس بھر میں عبادت گاہوں پر پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
مقامی رہنماؤں اور ارکانِ پارلیمان نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے متاثرہ کمیونٹی سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔ حکام واقعے کی مکمل تفتیش کر رہے ہیں اور ملزمان کی شناخت کے لیے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔