برطانیہ نے ایران اور مشرق وسطیٰ کے لیے سفر کی وارننگ جاری کر دی

برطانوی حکومت نے ایران اور مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر اپنے شہریوں کو خبردار کیا ہے۔ دفتر خارجہ نے 16 ممالک کے لیے سفری انتباہ جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو اضافی احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق ایران میں ملک گیر مظاہرے، تہران میں شدید کریک ڈاؤن اور امریکہ کے ساتھ بڑھتا ہوا تناﺅ خطرات میں اضافے کا سبب بن رہا ہے۔
اطلاعات کے مطابق قبرص، مصر، دبئی اور دیگر معروف تعطیلاتی مقامات پر سفر کرنے والے سیاحوں کو بھی محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتباہ میں شامل دیگر ممالک میں ترکی، سعودی عرب، شام، قطر، عمان، لیبیا، لبنان، کویت، عراق، اردن، بحرین، یمن اور ایران شامل ہیں۔
علاوہ ازیں، ایران نے اپنی فضائی حدود تجارتی پروازوں کے لیے عارضی طور پر بند کر دی ہیں، جس سے بین الاقوامی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں اور سیاح مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ کچھ مقامات پر پروازیں عارضی طور پر بحال کی گئی ہیں، تاہم برطانوی شہریوں کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت جاری ہے۔
دفتر خارجہ نے زور دیا ہے کہ سیاح مشرق وسطیٰ اور قریبی علاقوں کا سفر کرتے ہوئے اپنے تحفظ کے اقدامات پر خاص توجہ دیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔









