برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو تسلیم کر لیا

برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد پرتگال نے بھی فلسطین کو باضابطہ طور پر ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
نیویارک میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرتگال کے وزیر خارجہ پاولو رینجل نے کہا کہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ان کی خارجہ پالیسی کا مستقل اور اصولی مؤقف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مشرق وسطیٰ میں پائیدار امن کا واحد راستہ دو ریاستی حل ہے۔
پرتگالی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعتراف کیا کہ فلسطین کو تسلیم کرنے سے غزہ میں جاری انسانی بحران کا فوری خاتمہ ممکن نہیں، تاہم انہوں نے زور دیا کہ خطے میں فوری جنگ بندی ناگزیر ہے۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹارمر، کینیڈین وزیراعظم مارک کارنی، اور آسٹریلوی حکومت نے الگ الگ بیانات میں دو ریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
تینوں ممالک کی جانب سے یہ اقدام مشرق وسطیٰ میں قیامِ امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کا حصہ قرار دیا گیا ہے، جب کہ آسٹریلیا نے آئندہ فلسطینی اتھارٹی سے مزید سفارتی تعلقات کے امکانات بھی ظاہر کیے ہیں۔









