برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نائجیریا میں ٹریفک حادثے میں زخمی

0
106
برطانوی باکسر انتھونی جوشوا نائجیریا میں ٹریفک حادثے میں زخمی

برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا نائجیریا میں پیش آنے والے ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہو گئے، جبکہ ان کے دو قریبی ساتھی جان کی بازی ہار گئے۔
یہ واقعہ پیر کی صبح لاگوس اور ایبادان کو ملانے والی شاہراہ پر پیش آیا، جہاں جوشوا کی گاڑی ایک کھڑی ہوئی گاڑی سے ٹکرا گئی۔ پولیس حکام کے مطابق جوشوا کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئیں اور انہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حادثے میں جوشوا کے سٹینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ سینا غامی اور ٹریننگ ٹیم کے رکن کیون لیٹیف ایوڈیل موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ نائجیریا کی وفاقی روڈ سیفٹی اتھارٹی کا کہنا ہے کہ حادثے میں مجموعی طور پر پانچ افراد شامل تھے، جن میں دو افراد محفوظ رہے، ایک زخمی ہوا اور دو جان سے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق گاڑی تیز رفتاری کے باعث اوورٹیک کرتے ہوئے بے قابو ہو کر سڑک پر کھڑے ایک ٹرک سے جا ٹکرائی۔
انتھونی جوشوا کے ترجمان نے بتایا کہ باکسر کو معمولی زخم آئے ہیں اور وہ طبی نگرانی میں ہیں، تاہم ان کے ساتھیوں کی ہلاکت پر ٹیم کو شدید صدمہ پہنچا ہے۔
واضح رہے کہ انتھونی جوشوا کا تعلق برطانوی نژاد نائجیریائی خاندان سے ہے۔ وہ برطانیہ میں پیدا ہوئے، ابتدائی تعلیم نائجیریا میں حاصل کی اور بعد ازاں کم عمری میں واپس برطانیہ چلے گئے۔

Leave a reply