بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے خواہاں نہیں دکھائی دیتے

0
65
بانی پی ٹی آئی مذاکرات کے خواہاں نہیں دکھائی دیتے

وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ حکومت نے سنجیدگی کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف کو مذاکرات کی پیشکش کی، تاہم حکومتی اندازوں کے مطابق بانی پی ٹی آئی اس عمل میں دلچسپی نہیں رکھتے۔
ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے مذاکرات کی پیشکش سے قبل پارٹی قائد نواز شریف اور متعلقہ اداروں کو اعتماد میں لیا۔ ان کے مطابق اس کے باوجود اپوزیشن کی جانب سے یہ تاثر دیا گیا کہ وزیراعظم کے پاس اختیار نہیں۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتوں کے لیے واضح طریقہ کار طے کیا ہے، جس کے تحت ملاقات کے بعد سیاسی سرگرمیوں، شور شرابے اور میڈیا ٹاکس کی اجازت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ملاقاتوں کے بعد ہنگامہ آرائی، پریس کانفرنسز اور تنازعات دیکھنے میں آئے۔
انہوں نے بتایا کہ سلمان اکرم راجہ نے عدالت کو یقین دہانی کرائی تھی کہ طے شدہ طریقہ کار پر عمل کیا جائے گا۔ اگر قانون کے مطابق ملاقاتیں ہوں تو کوئی رکاوٹ نہیں، اور اگر جیل حکام عدالتی احکامات پر عمل نہیں کر رہے تو اس کے لیے عدالت سے رجوع کیا جانا چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر کی تقرری سے متعلق سوال پر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حکومت کی نیت پر شک کی کوئی گنجائش نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ایک طرف احتجاجی تحریک کا اعلان کرتی ہے اور دوسری طرف مذاکرات کی پیشکش کو شک کی نظر سے دیکھتی ہے، کیونکہ وہ سمجھتی ہے کہ ان کی تحریک کامیاب ہونے والی ہے یا حکومت انہیں کسی جال میں پھنسانا چاہتی ہے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اپوزیشن 5 فروری کو پہیہ جام ہڑتال کر کے دیکھ لے، اس کے بعد بات ہو سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی حکومت میں رہتے ہوئے کبھی اپوزیشن سے بات چیت پر آمادہ نہیں ہوئے، اور ریاست سے تصادم کی پالیسی سے انہیں خود نقصان ہوگا۔

Leave a reply