
راولپنڈی میں جاری سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے دوران پاکستان کے ٹاپ بیٹر بابر اعظم ایک بار پھر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے، جس کے ساتھ ہی انہوں نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ مرتبہ صفر پر آؤٹ ہونے کا ریکارڈ بھی برابر کردیا۔
جمعرات کو سری لنکا کے خلاف میچ میں صفر پر آؤٹ ہونا بابر اعظم کے کیریئر کا دسواں موقع ثابت ہوا۔ اس سے قبل وہ زمبابوے کے خلاف سیریز کے پہلے میچ میں بھی صفر پر آؤٹ ہوئے تھے۔
اس طرح بابر اعظم نے صائم ایوب اور عمر اکمل کے ساتھ مل کر ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ صفر پر آؤٹ ہونے والے پاکستانی بیٹرز کی فہرست میں مشترکہ پہلا نمبر حاصل کرلیا۔
عمر اکمل: 84 میچز، 10 صفر
صائم ایوب: 55 میچز، 10 صفر
بابر اعظم: 135 میچز، 10 صفر
میچ کے نتیجے میں سری لنکا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، جبکہ زمبابوے ایونٹ سے باہر ہوگیا۔
ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل ہفتے کے روز پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔









