
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بابراعظم نے سری لنکا کے خلاف دوسرے ون ڈے میں 807 دن بعد سنچری سکور کی اور ناٹ آؤٹ 102 رنز کے ساتھ اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔
سنچری کے بعد بابراعظم نے تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے الحمد للہ لکھا اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کیا۔ مداحوں نے انہیں مبارکباد کے پیغامات بھیجے اور ان کی واپسی پر خوشی کا اظہار کیا۔
بابراعظم نے سنچری مکمل کرنے کے بعد ڈریسنگ روم اور آسمان کی طرف دیکھ کر شکر ادا کیا۔ ان کے ہر شاٹ پر شائقین نے جوش و خروش کے ساتھ تالیوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔
میچ کے بعد بابراعظم نے کہا کہ انہیں خود پر اور اپنی محنت پر یقین تھا۔ انہوں نے فخر زمان کے ساتھ اپنی شراکت داری کو کامیاب اور خوشگوار قرار دیا اور کہا کہ طویل اننگز کھیلنے کے لیے وہ اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ ان کی کارکردگی کی بدولت پاکستان کی جیت ہوئی، اور خوشی ہے کہ ان کا نام لیجنڈز کے ساتھ شامل ہو رہا ہے۔








