اے آئی سے کسٹمر سروس اور پروگرامنگ سمیت کئی ملازمتیں خطرے میں، سام آلٹمین کی وارننگ

0
26

اوپن اے آئی کے سی ای او سام آلٹمین نے خبردار کیا ہے کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کی تیز رفتار ترقی کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں افراد اپنی ملازمتوں سے محروم ہو سکتے ہیں، خاص طور پر وہ پیشے جو کمپیوٹر یا فون کے ذریعے انجام دیے جاتے ہیں۔

ایک حالیہ انٹرویو میں سام آلٹمین نے کہا کہ انہیں راتوں کو نیند نہیں آتی کیونکہ وہ اس بات پر فکرمند ہیں کہ اے آئی ماڈلز کے روزمرہ فیصلے کس طرح حقیقی دنیا میں بڑے اثرات ڈال سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بطور رہنما، انہیں اس ٹیکنالوجی کے سماجی اثرات پر گہری تشویش ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسٹمر سروس کے شعبے کو سب سے زیادہ خطرہ لاحق ہے، کیونکہ یہ ایک ایسا کام ہے جسے جدید اے آئی سسٹمز مؤثر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔ ان کے مطابق، بہت سے کسٹمر سپورٹ ایجنٹس جو فون یا کمپیوٹر کے ذریعے کام کرتے ہیں، جلد ہی بے روزگار ہو سکتے ہیں۔

سام آلٹمین نے یہ بھی پیشگوئی کی کہ ڈویلپرز اور پروگرامرز کی نوکریاں بھی خطرے میں ہیں، کیونکہ اے آئی کوڈنگ اور سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ جیسے کاموں میں بھی مہارت حاصل کر رہی ہے۔

البتہ انہوں نے کہا کہ ایسی ملازمتیں جو انسانوں کے ساتھ گہرے تعلقات پر مبنی ہیں، جیسے نرسنگ یا تیمارداری، ان پر اے آئی کے اثرات کم متوقع ہیں۔

سام آلٹمین نے خبردار کیا کہ ماضی میں ہر 75 سال میں ملازمتوں کے منظرنامے میں 50 فیصد تبدیلی آتی تھی، مگر اے آئی اس عمل کو تیز کر دے گی اور لوگوں کے پاس خود کو بدلتی ہوئی دنیا سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کم وقت ہوگا۔

یہ بیان اس وقت سامنے آیا ہے جب دنیا بھر میں اے آئی کے استعمال میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف شعبے اس ٹیکنالوجی کو اپنانے کے لیے پرعزم نظر آتے ہیں۔

Leave a reply