ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکت، لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کر دیا

0
96
ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکت، لواحقین نے انصاف کا مطالبہ کر دیا

بہاولپور میں ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاکت کے بعد متاثرہ خاندان نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ مخالفین نے پولیس ادارے کے ساتھ ساز باز کر کے ان کے اہل خانہ کو نشانہ بنایا۔
مقتولین میں زبیدہ بی بی کے تین بیٹے عمران، عرفان اور عدنان، داماد حسن جہانگیر اور اس کے بھائی شامل تھے۔ اہل خانہ کے مطابق ان افراد کا کسی قسم کا مجرمانہ ریکارڈ موجود نہیں تھا اور اگر کوئی ثبوت ہے تو اسے عوام کے سامنے لایا جائے۔
لواحقین نے بتایا کہ ایک نوجوان کو 25 اور 26 ستمبر کی درمیانی رات بہاولپور سے حراست میں لیا گیا، جبکہ چار افراد کو 27 اور 28 ستمبر کی درمیانی رات ساہیوال میں ایک شادی کی تقریب سے گرفتار کیا گیا۔ 29 ستمبر کی صبح انہیں مختلف شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں ہلاک ہونے کی اطلاع ملی۔
مقتولین کی والدہ زبیدہ بی بی اور والد عبدالجبار نے کہا کہ ان کے بچوں کو بغیر کسی ٹھوس ثبوت کے قتل کیا گیا اور وہ انصاف کے لیے آواز بلند کر رہے ہیں۔ مقتولین کی بیواؤں نے بھی الزام لگایا کہ حراست کے دوران ان کے شوہروں کے ساتھ ناروا سلوک کیا گیا اور نقدی و زیورات چھین لیے گئے۔
لواحقین نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے اور انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے عدالت سے بھی رجوع کر کے واقعے کی شفاف اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کامطالبہ کیاہے۔

Leave a reply