“ایکس نے دنیا بھر کے اکاؤنٹس کے راز بے نقاب کر دیے!”

0
96
"ایکس نے دنیا بھر کے اکاؤنٹس کے راز بے نقاب کر دیے!"

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے جس کے ذریعے وہ نہ صرف اپنے بلکہ دیگر اکاؤنٹس کی لوکیشن بھی دیکھ سکیں گے۔ اب صارفین یہ جان سکیں گے کہ کون سا اکاؤنٹ کس ملک یا علاقے سے چلایا جا رہا ہے۔

ایکس کے ہیڈ آف پراڈکٹ نکیتا بئیر نے اعلان کیا کہ یہ فیچر چند گھنٹوں میں عالمی سطح پر دستیاب ہوگا۔ صارفین پروفائل میں موجود “About This Account” سیکشن پر جا کر اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ، ملک یا علاقے کی معلومات حاصل کر سکیں گے۔

یہ فیچر خاص طور پر مشہور شخصیات اور اداروں کے اکاؤنٹس کے لیے مددگار ہے۔ مثال کے طور پر، سابق وزیر اعظم عمران خان کا اکاؤنٹ مغربی ایشیا سے، نواز شریف متحدہ عرب امارات سے اور مولانا فضل الرحمن جرمنی سے آپریٹ ہو رہا ہے۔ تاہم، بعض اکاؤنٹس جیسے بلاول بھٹو کا، حفاظتی وجوہات کی بنا پر لوکیشن ظاہر نہیں کی جا رہی۔

صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنان نے اس فیچر پر ملا جلا ردعمل دیا ہے۔ کچھ نے اسے جعلی یا مشکوک اکاؤنٹس کی شناخت کے لیے مددگار قرار دیا، جبکہ بعض نے خدشہ ظاہر کیا کہ یہ پرائیویسی کے مسائل پیدا کر سکتا ہے، خاص طور پر صحافیوں اور سماجی کارکنان کے لیے۔

اوپن سورس انٹیلی جنس اکاؤنٹ “OS Intel Defender” نے بتایا کہ بڑے سیاسی اور کرپٹو کمیونٹیز سے متعلق اکاؤنٹس کے لیے یہ دن خاصا مشکل رہا، کیونکہ اب ان کی لوکیشن ظاہر ہو رہی ہے۔ دلچسپ طور پر، امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی کا اکاؤنٹ اسرائیل سے آپریٹ ہو رہا تھا۔

ایکس کے مطابق یہ فیچر صارف کے اکاؤنٹ کی معلومات، آئی پی ایڈریس اور دیگر پبلک ڈیٹا پوائنٹس کی بنیاد پر لوکیشن دکھائے گا۔ اگر صارف نے خود لوکیشن شامل کی ہوئی ہے تو وہی ظاہر ہوگی، ورنہ سسٹم قریب ترین مقام دکھانے کی کوشش کرے گا۔

نکیتا بئیر کے مطابق، اس فیچر کا مقصد شفافیت اور سچائی کو یقینی بنانا ہے اور مستقبل میں مزید ٹولز فراہم کیے جائیں گے تاکہ صارفین مواد کی صداقت جانچ سکیں۔ خصوصی طور پر ان ممالک کے لیے جہاں اظہار رائے پر پابندیاں ہیں، صارفین کو موقع دیا جائے گا کہ وہ مکمل لوکیشن چھپائیں اور صرف خطہ ظاہر کریں۔

صارفین پروفائل کے “جوائنڈ” سیکشن پر کلک کر کے اکاؤنٹ کی درج ذیل معلومات دیکھ سکتے ہیں:

اکاؤنٹ بنانے کی تاریخ

اکاؤنٹ کا ملک یا خطہ

نام کی تبدیلیاں اور آخری تبدیلی کی تاریخ

اکاؤنٹ کیسے ایکس ایپ سے منسلک ہے

یہ فیچر صارفین کو بہتر فیصلہ کرنے اور رابطہ کیے جانے والے اکاؤنٹ کی حقیقت جاننے میں مدد فراہم کرے گا۔

Leave a reply