ایپل کے اسمارٹ گلاسز اور اے آئی پن جلد متعارف کرائے جانے کا امکان

0
23
ایپل کے اسمارٹ گلاسز اور اے آئی پن جلد متعارف کرائے جانے کا امکان

ایپل کی جانب سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ٹیکنالوجی پر مبنی تین نئی وئیر ایبل ڈیوائسز متعارف کرانے کی تیاری جاری ہے، جنہیں رواں سال کے آخر یا 2027 کے دوران پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی اس وقت اسمارٹ گلاسز، ایک اے آئی پن اور جدید فیچرز سے لیس ائیر پوڈز پر کام کر رہی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ان منصوبوں پر تیزی سے پیش رفت جاری ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اسمارٹ گلاسز ڈسپلے کے بغیر ہوں گے اور ان میں کیمرے، مائیکروفونز اور اسپیکرز نصب کیے جائیں گے۔ امکان ہے کہ ان میں دو کیمرے شامل ہوں اور سائز کے لحاظ سے یہ میٹاپلیٹ فارمز کے رے بین اسمارٹ گلاسز جیسے ہوں۔
مزید بتایا گیا ہے کہ کمپنی نے حال ہی میں گوگل کے ساتھ تعاون کیا ہے جس کے تحت جیمنائی اے آئی ٹیکنالوجی کو اپنے سسٹمز میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ اسی بنیاد پر امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ نئی وئیر ایبل ڈیوائسز میں بھی یہی اے آئی ٹیکنالوجی استعمال کی جائے۔
جدید ائیر پوڈز میں انفرا ریڈ کیمروں کی شمولیت متوقع ہے جو تصاویر لینے کے بجائے ہاتھوں کی حرکات کو ٹریک کرنے کے لیے استعمال ہوں گے۔ ڈیزائن کے اعتبار سے یہ موجودہ پریمیم ماڈلز سے مشابہ ہو سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق اے آئی پن میں بھی کیمرہ موجود ہوگا اور اسے 2027 میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، تاہم اس حوالے سے مزید تفصیلات تاحال سامنے نہیں آئیں۔
کمپنی کی جانب سے ان مصنوعات کے بارے میں باضابطہ اعلان ابھی تک نہیں کیا گیا۔

Leave a reply