
ایپل اپنی پہلی فولڈ ایبل ڈیوائس کی تیاری کے آخری مراحل میں داخل ہوچکا ہے اور توقع ہے کہ یہ فون ستمبر 2026 میں متعارف کرایا جائے گا۔ ٹیک ماہرین کے مطابق اس نئے فولڈ ایبل آئی فون کی سب سے خاص بات اس کا کریز لیس ڈیزائن ہوگا، جو اسے موجودہ تمام فولڈ ایبل فونز سے مختلف بنائے گا۔
رپورٹس کے مطابق یہ فون تجرباتی مرحلے سے گزر کر اب پری ماس پروڈکشن میں داخل ہوچکا ہے۔ کریز لیس اسکرین کے لیے سیال دھات پر مبنی ٹیکنالوجی استعمال کی جارہی ہے، جس کی وجہ سے اس کی لاگت کافی زیادہ ہے۔ یہی وجہ بتائی جارہی ہے کہ اس ڈیوائس کی ابتدائی قیمت تقریباً 2400 ڈالر رکھی جاسکتی ہے، جو عام صارف کے لیے خاصی مہنگی ثابت ہوگی۔
فولڈ ایبل آئی فون کی اندرونی اسکرین سام سنگ ڈسپلے تیار کرے گی، جبکہ پینل اسٹرکچر کا ڈیزائن اور دیگر تکنیکی پہلو ایپل خود بنائے گا۔ اس کے علاوہ اطلاعات ہیں کہ ایپل آئندہ سال روایتی آئی فون 20 سیریز کے بجائے آئی فون ایئر، پرو اور نیا فولڈ ایبل آئی فون فولڈ متعارف کرانے کا ارادہ رکھتا ہے۔









