این اے 129 لاہور: حماد اظہر کا ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لینے کافیصلہ

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 129 لاہور سے ضمنی انتخاب میں حصہ نہ لینے کا اعلان کیا ہے۔ یہ نشست ان کے والد میاں اظہر کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر جاری اپنے پیغام میں حماد اظہر نے کہا کہ انہوں نے یہ فیصلہ والدہ کی خواہش پر کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے والد کے اکلوتے بیٹے اور خاندان کے واحد وارث ہیں، اور وہ اپنی والدہ کو مزید کسی صدمے سے دوچار نہیں کرنا چاہتے۔
حماد اظہر نے بتایا کہ ان کے والد میاں اظہر نے 82 سال کی عمر میں پچھلا انتخاب لڑا تھا، جس دوران انہیں ہراساں کیا گیا، گرفتار کیا گیا اور ان کے گھر پر متعدد بار چھاپے مارے گئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں “فارم 47” والی پارلیمنٹ کا حصہ بننے میں کوئی دلچسپی نہیں۔ ان کے مطابق اگر پی ٹی آئی نے ضمنی انتخاب کا بائیکاٹ نہ کیا تو ان کے کزن ارسلان ظہیر کو امیدوار نامزد کیا جا سکتا ہے۔









