ایم ڈی کیٹ 2025: کراچی کے طلبہ کی شاندار کارکردگی، پہلی تینوں پوزیشنز حاصل

کراچی: آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے تحت ہونے والے ایم ڈی کیٹ 2025 کے نتائج میں کراچی کے طلبہ نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے سب اضلاع کو پیچھے چھوڑ دیا۔ ابتدائی نتائج کے مطابق پہلی تینوں پوزیشنز کراچی کے طلبہ نے حاصل کیں، جبکہ ٹاپ ٹین میں شامل 124 امیدواروں میں سے 41 کا تعلق کراچی سے ہے۔
نتائج کے مطابق ایم بی بی ایس کے ٹیسٹ میں 56 فیصد امیدوار فیل ہوگئے جبکہ بی ڈی ایس میں 48 فیصد ناکام قرار پائے۔ ایم بی بی ایس میں 14 ہزار 300 امیدواروں نے 55 فیصد یا اس سے زیادہ نمبر حاصل کیے، جبکہ بی ڈی ایس کے لیے 17 ہزار 123 امیدوار 50 فیصد یا اس سے زائد نمبر لے کر کامیاب ہوئے۔
ایم ڈی کیٹ میں کراچی ضلع غربی کے سید محمود خان ولد عدالت خان نے 180 میں سے 175 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔ کورنگی کے فیصل اشرف خان ولد نوید اشرف خان اور قمبر شہداد کوٹ کے شیراز حسین ولد نیاز حسین مغیری 174 نمبر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ تیسری پوزیشن کراچی شرقی کے محمد ریان ہمایوں ولد ہمایوں فاروق، کورنگی کی ماہ نور شاہنواز بنت سید شاہنواز حسین اور حیدرآباد کی حرا عابد بنت عابد علی سیہتو نے 173 نمبر حاصل کر کے حاصل کی۔
آئی بی اے سکھر یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ کے مطابق، ایم ڈی کیٹ 2025 کے عارضی نتائج جاری کر دیے گئے ہیں اور امیدوار یکم نومبر 2025 کو شام 5 بجے تک ای میل کے ذریعے شکایات درج کر سکتے ہیں۔ حتمی نتائج اتوار کو شام 5 بجے جاری کیے جائیں گے۔









