
میریلیبون کرکٹ کلب (ایم سی سی) نے ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق قوانین میں اہم تبدیلیوں کا اعلان کر دیا ہے، جن میں دن کے اختتام پر کھیل ختم کرنے سے متعلق قانون میں نمایاں رد و بدل بھی شامل ہے۔ یہ نئے قوانین یکم اکتوبر 2026 سے نافذ العمل ہوں گے جبکہ انہیں انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی کرکٹ کمیٹی کے سامنے بھی پیش کیا جائے گا۔
نئے ’لاز آف کرکٹ‘ کے مطابق اب ٹیسٹ میچ کے آخری اوور میں وکٹ گرنے کی صورت میں کھیل ختم نہیں کیا جائے گا۔ ایسی صورتحال میں نیا بیٹر فوراً میدان میں آ کر اسٹرائیک لے گا اور اوور مکمل کیا جائے گا۔
ایم سی سی کی قوانین سے متعلق ذیلی کمیٹی کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی کا مقصد بیٹنگ اور بولنگ ٹیموں کے درمیان توازن قائم رکھنا اور میچ میں دلچسپی برقرار رکھنا ہے۔ کمیٹی کے مطابق موجودہ قانون کے تحت آخری اوور میں وکٹ گرنے کے بعد دن کا کھیل ختم ہو جانا فیلڈنگ سائیڈ کے ساتھ ناانصافی کے مترادف تھا، خاص طور پر ایسے وقت میں جب حالات بولرز کے حق میں ہوں۔
ایم سی سی کے بیان کے مطابق قانون 12.5.2 میں ترمیم اس لیے کی گئی ہے تاکہ فیلڈنگ ٹیم کی محنت ضائع نہ ہو اور کھیل کی رفتار اور سنسنی برقرار رہے۔ اب آخری اوور ہر صورت مکمل کروایا جائے گا، چاہے اس دوران کتنی ہی وکٹیں کیوں نہ گر جائیں۔
اس کے علاوہ ایم سی سی نے ہٹ وکٹ، اوور تھرو اور دیگر قوانین سمیت مجموعی طور پر 73 ترامیم متعارف کرائی ہیں، جن کا اطلاق بھی یکم اکتوبر 2026 سے ہوگا۔








