ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے لیے 65 فیصد پاسنگ مارکس کی شرط ختم

اسلام آباد: پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم ڈی سی) نے ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس پروگرامز کے لیے 65 فیصد پاسنگ مارکس کی شرط ختم کر دی ہے۔ اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق، تعلیمی سیشن 2024-25 کے لیے پاسنگ مارکس کی حد 65 فیصد سے کم کر کے دوبارہ 50 فیصد مقرر کر دی گئی ہے۔ پی ایم ڈی سی نے وضاحت کی ہے کہ یہ فیصلہ طلبا کی سہولت اور تعلیمی توازن کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔
اسی طرح، طلبا کی حاضری سے متعلق پالیسی میں بھی نرمی کی گئی ہے۔ اب ایم بی بی ایس اور بی ڈی ایس کے طلبا کے لیے حاضری کی کم از کم شرط 85 فیصد کے بجائے 75 فیصد مقرر کر دی گئی ہے، جو کہ پہلے سے نافذ طریقہ کار کے مطابق ہے۔
پی ایم ڈی سی نے تمام میڈیکل اور ڈینٹل یونیورسٹیوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر ان نئی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔









