ایف بی آر کا سوشل میڈیا پر دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

0
61

اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے سوشل میڈیا پر پرتعیش طرزِ زندگی اور دولت کی نمائش کرنے والوں کے خلاف سخت اقدامات کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، ایف بی آر نے سوشل میڈیا پر سرگرم ایسے لاکھوں افراد کا ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جو مہنگی گاڑیوں، قیمتی زیورات، بڑے گھروں اور مہنگے ملبوسات کی نمائش کرتے نظر آتے ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں ایک لاکھ افراد کا آڈٹ کیا جائے گا جن کی آمدن اور طرز زندگی میں نمایاں فرق پایا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وہ افراد جو شادی بیاہ اور دیگر تقریبات پر غیرمعمولی اخراجات کرتے ہیں، خاص طور پر نان فائلرز، ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایسے کیسز میں مہنگے برانڈز کے ملبوسات، لاکھوں روپے مالیت کے زیورات اور پرتعیش تقریبات کی بنیاد پر آمدن کے ذرائع کا تعین کیا جائے گا۔

ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ سال کے ٹیکس گوشواروں کا موجودہ سال کی سرگرمیوں سے موازنہ کیا جا رہا ہے تاکہ آمدن چھپانے والوں کو قانون کے دائرے میں لایا جا سکے۔

Leave a reply