
اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں ترمیم کرتے ہوئے اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا لازمی قرار دے دیا ہے۔ یہ تبدیلی انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مقررہ تاریخ سے چند روز قبل کی گئی ہے۔
ایف بی آر کے مطابق، ٹیکس ریٹرن فارم میں 18 اگست کو ایک نیا کالم شامل کیا گیا جس میں ٹیکس دہندگان کو اپنے اثاثہ جات کی موجودہ مارکیٹ ویلیو ظاہر کرنا ہوگی۔ ادارے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد بہتر پالیسی سازی کے لیے درست اور جامع ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے۔
ایف بی آر نے وضاحت کی ہے کہ اثاثوں کی مارکیٹ ویلیو سے متعلق یہ معلومات صرف ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لیے ہیں اور ان کا استعمال کسی بھی ٹیکس دہندہ کے خلاف کارروائی کے لیے نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب بعض ٹیکس دہندگان نے اس اچانک تبدیلی پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جن افراد نے پہلے ہی اپنے ٹیکس ریٹرن جمع کروا دیے ہیں، ممکنہ طور پر انہیں دوبارہ ترمیم شدہ فارم جمع کروانا پڑے گا، کیونکہ اضافی کالم بھرے بغیر نیا فارم مکمل نہیں ہوتا۔
یاد رہے کہ ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر مقرر کر رکھی ہے۔