ایس سی او ترقیاتی بینک کی تجویز، چینی صدر کا اہم اعلان

شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ نے ایس سی او ترقیاتی بینک کے قیام کی تجویز پیش کی ہے، جس کا مقصد رکن ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی تعاون کو فروغ دینا ہے۔
اجلاس میں پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف، روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، ترک صدر رجب طیب ایردوان، ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سمیت دیگر عالمی رہنما شریک ہوئے۔
چینی صدر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او وقت کے ساتھ ایک مضبوط اور مستحکم تنظیم بن چکی ہے، جو باہمی اعتماد، مساوات اور ترقی کے اصولوں پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکن ممالک کو تجارت، معیشت اور روابط کے شعبوں میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
شی جن پنگ کا کہنا تھا کہ ترقیاتی بینک کے قیام سے رکن ممالک کی سماجی اور معاشی ترقی میں مدد ملے گی اور مشترکہ خوشحالی کی راہ ہموار ہوگی۔ انہوں نے رکن ممالک پر زور دیا کہ وہ عملی اقدامات کے ذریعے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دیں۔
دو روزہ اجلاس میں 20 ممالک کے سربراہان شرکت کر رہے ہیں، جہاں وزیراعظم شہباز شریف پاکستان کا مؤقف پیش کریں گے اور خطے میں امن، استحکام اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے اپنی تجاویز دیں گے۔