
تہران/اسلام آباد: ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے امریکہ اور اسرائیل کی حالیہ جارحیت کے تناظر میں ایران کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کرنے پر حکومتِ پاکستان اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔
سوشل میڈیا پر اردو زبان میں جاری کردہ ایک خصوصی پیغام میں عباس عراقچی نے کہا کہ وہ اس مشکل اور روحانی گھڑی میں پاکستانی بھائیوں کی حمایت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی جانب سے امریکی اور صہیونی جارحیت کے خلاف ایران کا ساتھ دینا دونوں ممالک کے گہرے برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ایرانی وزیرِ خارجہ نے اپنے بیان میں عزم ظاہر کیا کہ:
“ایران اللہ تعالیٰ پر کامل توکل کیساتھ اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے دفاع کیلیے ثابت قدمی اور استقامت کیساتھ کھڑا ہے۔”
امریکی ٹی وی چینل ‘سی بی ایس نیوز’ کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں عباس عراقچی نے چند اہم نکات پر ایرانی مؤقف کی وضاحت کی:
کوئی مذاکرات نہیں: ایران نے نہ تو جنگ بندی کی کوئی درخواست کی ہے اور نہ ہی اس وقت امریکہ کے ساتھ کسی قسم کے مذاکرات کی کوشش کر رہا ہے۔
امریکی قیادت پر تنقید: انہوں نے موجودہ صورتحال کا ذمہ دار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنگ ان کا انتخاب ہے۔








