ایران کا دبئی میں یوکرینی اینٹی ڈرون ڈپو تباہ کرنے کا دعویٰ

0
63
ایران کا دبئی میں یوکرینی اینٹی ڈرون ڈپو تباہ کرنے کا دعویٰ

ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی فوج نے متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں ایک ایسے گودام کو نشانہ بنایا ہے جہاں مبینہ طور پر یوکرین کے اینٹی ڈرون سسٹمز موجود تھے۔
ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی امریکی مفادات کو ہدف بنانے کے دوران کی گئی، اور مذکورہ ڈپو بھی اسی تناظر میں تباہ کیا گیا۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ گودام مکمل طور پر تباہ ہوگیا، جبکہ وہاں موجود متعدد غیر ملکی اہلکاروں کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔
ایرانی حکام کے مطابق یہ آپریشن پاسدارانِ انقلاب کی فضائی اور بحری افواج نے مشترکہ طور پر انجام دیا۔ تاہم اس دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق سامنے نہیں آئی۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ولادیمیر زیلینسکی متحدہ عرب امارات کے دورے پر ہیں۔ اس دوران انہوں نے شیخ محمد بن زید النہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعاون، سیکیورٹی اور دفاعی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یوکرینی بیان کے مطابق ملاقات میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال، خاص طور پر آبنائے ہرمز کی اہمیت اور عالمی توانائی منڈی پر ممکنہ اثرات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں ممالک نے باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ یوکرین حالیہ عرصے میں مشرقِ وسطیٰ کے ممالک کے ساتھ دفاعی روابط بڑھانے کی کوشش کر رہا ہے۔

Leave a reply