ایران میں اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں ایک شخص کو سزائے موت

تہران: ایران نے ایک شہری کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں سزائے موت دے دی۔ حکام کے مطابق، مذکورہ شخص ملکی سیکیورٹی اور حساس معلومات اسرائیلی انٹیلی جنس ادارے موساد کو فراہم کرنے میں ملوث تھا۔
ایرانی عدلیہ سے منسلک ادارے کے مطابق، ملزم ایران میں اسرائیل کے ایک بڑے جاسوسی نیٹ ورک کا حصہ تھا اور اس پر الزام تھا کہ اس نے سرکاری اداروں کا ڈیٹا، حساس تنصیبات کی معلومات اور الیکٹرانک آلات کی درآمد سے متعلق تفصیلات موساد کو فراہم کیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ جاسوسی کا مقصد ایران کے ڈیٹا سینٹرز اور حساس نظاموں میں خلل ڈالنا تھا۔ اس سلسلے میں گرفتاریاں جنگ کے دوران سامنے آئے ایک خفیہ نیٹ ورک کے انکشاف کے بعد عمل میں آئیں۔
یاد رہے کہ جون 2025 میں ایران اور اسرائیل کے درمیان ہونے والی مختصر لیکن شدید جنگ کے بعد، ایرانی حکام نے متعدد افراد کو اسرائیل کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کیا تھا، جن میں سے کچھ کو عدالت کی جانب سے سزائیں بھی سنائی جا چکی ہیں۔









