ایران میں اسرائیل سے مبینہ روابط پر 6 افراد کو سزائے موت

ایران نے چھ افراد کو سزائے موت دے دی ہے، جن پر ریاستی ذرائع کے مطابق اسرائیل سے مبینہ تعلقات اور صوبہ خوزستان میں مسلح حملوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ ایرانی میڈیا کا کہنا ہے کہ ان افراد نے مختلف بم دھماکوں، سرکاری املاک پر حملوں، بینکوں اور پٹرول پمپوں کو نشانہ بنانے سمیت فوجی مراکز اور مذہبی مقامات پر حملوں میں کردار ادا کیا تھا۔
اسی حوالے سے ایک علیحدہ واقعے میں ایک کُرد عسکریت پسند کو ایک مذہبی رہنما کے قتل کے الزام میں سزائے موت دی گئی۔
ایرانی عدالتی حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف شواہد اور اعترافی بیانات موجود تھے۔
انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق ایران نے 2025 میں اب تک ایک ہزار سے زائد افراد کو پھانسی دی ہے، جو پچھلے 15 سالوں کے دوران سب سے زیادہ سالانہ تعداد ہے۔