
چین میں تنہا زندگی گزارنے والے افراد کی بڑھتی تعداد کے پیشِ نظر ایک نئی موبائل ایپ ’کیا آپ مرگئے؟‘ غیر معمولی مقبولیت حاصل کر رہی ہے۔ اس ایپ کو استعمال کرنے والے صارفین ہر دو دن بعد اپنی خیریت کی تصدیق کرتے ہیں۔ اگر کوئی صارف مسلسل دو دن تک چیک ان نہ کرے تو ایپ خودکار طور پر پہلے سے منتخب کردہ ایمرجنسی رابطے کو نوٹیفکیشن یا ای میل بھیج دیتی ہے۔
یہ ایپ خاص طور پر نوجوان شہریوں میں مقبول ہو رہی ہے جو بڑے شہروں میں اکیلے رہتے ہیں۔ چین میں اس وقت تقریباً 12 کروڑ 50 لاکھ افراد تنہا زندگی گزار رہے ہیں، اور اندازہ ہے کہ 2030 تک یہ تعداد 20 کروڑ تک پہنچ جائے گی۔
ایپ کا نام اور استعمال سادہ اور براہِ راست ہے، جس کی وجہ سے صارفین اس کے حق میں اپنے جذبات کھل کر بیان کر رہے ہیں۔ بعض صارفین اسے تنہا رہنے والوں اور ذہنی دباؤ کے شکار افراد کے لیے ضروری سہارا قرار دیتے ہیں، جبکہ کچھ لوگ نام کی سختی پر تبصرہ کر رہے ہیں۔
ایپ بنانے والی کمپنی نے بڑھتی مقبولیت کے بعد اس کے لیے سبسکرپشن فیس بھی متعارف کرائی ہے، جو تقریباً 1.15 امریکی ڈالر ہے۔
یہ ایپ چین کے علاوہ امریکا، سنگاپور، ہانگ کانگ، آسٹریلیا اور اسپین میں بھی استعمال ہو رہی ہے، جہاں چینی شہری بڑی تعداد میں مقیم ہیں۔









