اکتوبر میں سال کا پہلا سپر مون، 7 تاریخ کو پاکستان میں دکھائی دے گا

0
82

اکتوبر 2025 میں آسمان کا ایک دلکش نظارہ دیکھنے کو ملے گا، جب رواں سال کا پہلا سپر مون 7 اکتوبر کو نظر آئے گا۔ اس موقع پر مکمل چاند زمین کے نسبتاً قریب ہوگا، جس کے باعث یہ عام دنوں کی نسبت زیادہ بڑا اور روشن دکھائی دے گا۔

ماہرین فلکیات کے مطابق، یہ سپر مون زمین سے تقریباً 2 لاکھ 24 ہزار 599 میل کے فاصلے پر ہوگا، اور اپنی معمول کی جسامت سے تقریباً 14 فیصد بڑا اور 30 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔ چاند کا یہ خوبصورت منظر پاکستان سمیت دنیا کے کئی حصوں میں دیکھا جا سکے گا۔

یہ سپر مون تقریباً 11 ماہ بعد آ رہا ہے، جبکہ اس سے قبل نومبر 2024 میں ایسا منظر دیکھا گیا تھا۔ رواں سال مجموعی طور پر تین سپر مون متوقع ہیں، جن میں اگلے مرحلے میں 5 نومبر اور پھر 5 دسمبر کو بھی سپر مون کا مشاہدہ کیا جا سکے گا۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سال کا سب سے روشن سپر مون نومبر میں ہوگا، جب چاند زمین سے تقریباً 2 لاکھ 21 ہزار 817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جب چاند افق کے قریب ہوتا ہے تو وہ اپنے حقیقی سائز سے بھی بڑا محسوس ہوتا ہے۔ یہ انسانی آنکھ کا ایک فطری وہم ہے، جو چاند کے قریب موجود اشیاء جیسے درختوں اور عمارات کی مدد سے پیدا ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 7 ستمبر کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں چاند گرہن کا نظارہ بھی کیا گیا تھا۔

Leave a reply