اڈیالہ جیل کے باہر علیمہ خان پر انڈا پھینکنے کا واقعہ، دو خواتین گرفتار

راولپنڈی: اڈیالہ جیل کے باہر ایک ناخوشگوار واقعہ اس وقت پیش آیا جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی بہن علیمہ خان میڈیا سے گفتگو کر رہی تھیں کہ اچانک ان پر انڈا پھینکا گیا۔
واقعے کے وقت علیمہ خان اور ان کی بہن عظمیٰ خانم توشہ خانہ کیس کی سماعت کے سلسلے میں جیل کے باہر موجود تھیں۔ عینی شاہدین کے مطابق جیسے ہی علیمہ خان میڈیا سے بات کر رہی تھیں، دو خواتین نے ان پر انڈا پھینکا اور موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے فوری طور پر دونوں خواتین کو روکا اور ان کی گاڑی کا گھیراؤ کیا۔ اطلاعات کے مطابق اس دوران گاڑی کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دونوں خواتین کو حراست میں لے کر قریبی اڈیالہ چوکی منتقل کر دیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش کے مطابق دونوں خواتین کا تعلق بھی پی ٹی آئی سے ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔