اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ، خصوصی پلان نافذ

0
55
اڈیالہ جیل کے اطراف سیکیورٹی ہائی الرٹ، خصوصی پلان نافذ

راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے گرد سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے اور اس مقصد کے لیے ایک جامع سیکیورٹی پلان پر عمل درآمد شروع ہو گیا ہے۔ پلان کے تحت جیل کی طرف جانے والے راستوں پر پانچ مقامات پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، جبکہ اہلکار دو شفٹوں میں بارہ بارہ گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جیل کے اطراف 12 تھانوں کے ایس ایچ اوز کے ساتھ ساتھ خواتین پولیس اہلکار بھی سیکیورٹی پر موجود ہیں۔ اہلکاروں کو ربڑ کی گولیاں، آنسو گیس اور اینٹی رائٹ آلات فراہم کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورت حال میں فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔

ٹریفک کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کے 10 افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ لفٹر بھی موجود ہے تاکہ ٹریفک میں رکاوٹیں دور کی جا سکیں۔ اڈیالہ گارڈز بھی کچہری ڈیوٹی کے بعد اسٹینڈ بائی پر رہیں گے۔

سیکیورٹی انتظامات کی براہ راست نگرانی ایس پی صدر انعم شیر کر رہی ہیں۔ مجموعی طور پر 23 انسپکٹرز اور 700 سے زائد پولیس اہلکار اس ڈیوٹی پر مامور ہیں۔

یہ صورتحال اس وقت سامنے آئی جب اڈیالہ جیل میں سابق وزیراعظم عمران خان کی مبینہ موت سے متعلق افواہوں کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کی جانب سے وقفے وقفے سے احتجاجی دھرنا دیا جا رہا ہے۔ دھرنے میں خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور علیمہ خان بھی شریک تھیں، جنہوں نے احتجاج ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ جانے کا فیصلہ کیا، تاہم وہاں ان کی درخواست پر سماعت نہ ہو سکی۔

Leave a reply