اوپن اے آئی کی اسمارٹ فون متبادل اے آئی ڈیوائسز پر کام کی تفصیلات سامنے آگئیں

0
54

آرٹیفیشل انٹیلی جنس چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی تیار کرنے والی کمپنی اوپن اے آئی کی جانب سے اسمارٹ فونز کا متبادل بننے والی اے آئی ڈیوائسز پر کام جاری ہے۔ یہ ڈیوائسز صارفین کو اے آئی ٹیکنالوجی سے ہر جگہ جُڑنے کی سہولت فراہم کریں گی۔

رپورٹس کے مطابق اوپن اے آئی اور ایپل کے سابق چیف ڈیزائنر جونی آئیو کے اشتراک سے تیار ہونے والی ان ڈیوائسز کی ابتدائی معلومات سامنے آئی ہیں۔ ان میں اسمارٹ گلاسز، ڈیجیٹل وائس ریکارڈر، ایک وئیر ایبل پن، اور بغیر ڈسپلے والے اسمارٹ اسپیکر شامل ہیں۔ تاہم یہ حتمی ڈیزائن نہیں، اور ممکن ہے کہ ان میں سے کچھ پروڈکشن مرحلے تک نہ پہنچ سکیں۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ان ڈیوائسز کی تیاری کے لیے اوپن اے آئی اُن کمپنیوں کے ساتھ شراکت کر رہا ہے جو پہلے ایپل کی مصنوعات پر کام کر چکی ہیں، جب کہ کئی انجینئرز بھی ایپل سے اوپن اے آئی میں شامل ہوئے ہیں۔

ان ڈیوائسز کی تیاری آئی او نامی کمپنی کے تحت ہو رہی ہے، جسے اوپن اے آئی نے حال ہی میں ساڑھے 6 ارب ڈالرز میں حاصل کیا تھا۔ کمپنی کے بانیوں کا کہنا ہے کہ یہ نئی مصنوعات اے آئی کے ساتھ انسانی رابطے کو یکسر بدل دیں گی۔

حالیہ لیکس کے مطابق، ان ڈیوائسز کی پروڈکشن 2026 کے آخر یا 2027 کے آغاز میں متوقع ہے۔ ابتدائی طور پر ایک ڈیوائس کو لانچ کیا جائے گا، جس کے بعد دیگر ماڈلز پیش کیے جائیں گے۔

چونکہ ابھی یہ پروجیکٹ ابتدائی مراحل میں ہے، اس لیے ڈیزائن اور فنکشنز میں آنے والے وقت میں تبدیلی کا امکان موجود ہے۔

Leave a reply