اوپن اے آئی کا نیا سنگ میل: جی پی ٹی 5.1 ماڈل پیش

0
142
اوپن اے آئی کا نیا سنگ میل: جی پی ٹی 5.1 ماڈل پیش

اوپن اے آئی نے اپنے چیٹ بوٹ پلیٹ فارم کو مزید بہتر بنانے کے لیے نیا جی پی ٹی 5.1 اے آئی ماڈل جاری کردیا ہے، جو پچھلی نسل کے مقابلے میں زیادہ تیز، لچکدار اور مؤثر سمجھا جا رہا ہے۔ اس ماڈل میں چیٹ جی پی ٹی کے انسٹنٹ اور تھنکنگ ورژنز کو ایک مربوط نظام کے طور پر پیش کیا گیا ہے تاکہ مختلف نوعیت کے کام زیادہ درست اور آسانی سے انجام پائیں۔

کمپنی کے مطابق جی پی ٹی 5.1 انسٹنٹ زیادہ تر صارفین کے لیے بنیادی (ڈیفالٹ) ماڈل ہوگا، جب کہ جی پی ٹی 5.1 تھنکنگ پیچیدہ اور گہرائی والے کاموں کے لیے بہترین کارکردگی فراہم کرے گا۔ دونوں ورژنز کا مشترکہ مقصد گزشتہ ماڈلز سے متعلق صارفین کی شکایات کو کم کرنا اور مجموعی تجربہ بہتر بنانا ہے۔

اوپن اے آئی نے اس بار ٹون کنٹرول کے فیچرز کو بھی نمایاں طور پر مضبوط کیا ہے۔ اب صارفین نہ صرف چیٹ جی پی ٹی کی پرسنلٹی کو آسانی سے تبدیل کرسکیں گے بلکہ بات چیت کے دوران ردعمل کی ٹون اور اسٹائل کو رئیل ٹائم میں ایڈجسٹ بھی کرسکیں گے۔ منتخب کیے گئے اسٹائلز فوری طور پر تمام گفتگو پر لاگو ہوں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ نیا ماڈل آئندہ تین ماہ تک سابقہ ورژنز کے ساتھ ساتھ دستیاب رہے گا تاکہ صارفین موزوں ماڈل کے انتخاب کے لیے بہترین موازنہ کرسکیں۔ پہلے مرحلے میں یہ فیچر ادائیگی کرنے والے صارفین کو دیا جائے گا، جبکہ کچھ عرصے بعد اسے مفت صارفین کے لیے بھی کھول دیا جائے گا۔

Leave a reply