
سال 2025 میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے شعبے میں امیج جنریشن ٹیکنالوجی تیزی سے ترقی کر رہی ہے۔ حالیہ مہینوں میں گوگل کے نانو بنانا ماڈل کو خاصی مقبولیت حاصل ہوئی، جس کے بعد اوپن اے آئی نے بھی اپنا نیا امیج جنریشن ماڈل متعارف کرا دیا ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق نیا ماڈل جی پی ٹی امیج ماڈل 1.5 صارفین کی ہدایات کو پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں سمجھتا ہے اور زیادہ باریک تفصیلات کے ساتھ تصاویر تیار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
یہ نیا امیج ماڈل چیٹ جی پی ٹی کے تمام صارفین کے لیے دستیاب ہے اور اسے سائیڈ بار میں موجود چیٹ جی پی ٹی فار امیجز کے ذریعے استعمال کیا جا سکتا ہے۔ صارفین کو اس میں مختلف پری سیٹ اسٹائلز اور جدید ٹرینڈز پر مبنی ڈیزائنز بھی فراہم کیے گئے ہیں۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک زیادہ تر افراد چیٹ جی پی ٹی کو تحریری ہدایات کے ذریعے تصاویر بنانے کے لیے استعمال کرتے رہے ہیں، تاہم چیٹ انٹرفیس بنیادی طور پر امیج ایڈیٹنگ کے لیے تیار نہیں کیا گیا تھا۔ اسی وجہ سے تصاویر کی تخلیق اور ترمیم کے لیے ایک الگ اور بہتر اسپیس متعارف کرائی جا رہی ہے۔
اوپن اے آئی کے مطابق نیا ماڈل پچھلے ورژن کے مقابلے میں چار گنا زیادہ تیز ہے اور صارف کی ہدایات پر زیادہ درست انداز میں عمل کرتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ ماڈل تصاویر میں ٹیکسٹ شامل کرنے کی صلاحیت میں بھی نمایاں بہتری لاتا ہے، جو پہلے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا تھا۔
ماہرین کے مطابق یہ پیش رفت اے آئی امیج جنریشن کے میدان میں اوپن اے آئی کی پوزیشن کو مزید مضبوط بنا سکتی ہے۔









