
دبئی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان کی انڈر 19 ٹیم نے ملائیشیا کے خلاف رنز کا ایک بڑا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
ملائیشیا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستان کی شروعات عثمان خان اور سمیر منہاس نے کی، لیکن عثمان خان صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد علی حسن بلوچ بھی 14 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد احمد حسین نے اننگز میں شمولیت اختیار کی اور سمیر منہاس کے ساتھ تیسری وکٹ پر شاندار شراکت قائم کی۔ احمد حسین نے 132 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، جس میں دو چھکے اور آٹھ چوکے شامل تھے۔
سمیر منہاس نے اپنی شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے 177 رنز بنائے، جس میں آٹھ چھکے اور گیارہ چوکے شامل تھے، اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ فرحان یوسف بھی 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان نے مقررہ 50 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر 345 رنز بنائے اور ملائیشیا کے لیے 346 رنز کا فتح کا ہدف مقرر کر دیا۔









