انسٹا گرام نے بالآخر آئی پیڈ صارفین کے لیے ایپ جاری کر دی

میٹا نے آئی پیڈ صارفین کے لیے انسٹا گرام ایپ متعارف کرا دی ہے، جس کا کافی عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا۔
اب آئی پیڈ استعمال کرنے والے صارفین بھی اپنے ٹیبلیٹ پر انسٹا گرام ایپ کے ذریعے تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر سکیں گے، اسٹوریز دیکھ سکیں گے اور پیغامات بھیجنے جیسے تمام اہم فیچرز استعمال کر سکیں گے۔
میٹا کے مطابق بڑی اسکرین پر ایپ کا بہتر تجربہ فراہم کرنے کے لیے کچھ وقت درکار تھا، اسی لیے ایپ کی تیاری میں تاخیر ہوئی۔ یاد رہے کہ آئی فون کے لیے انسٹا گرام ایپ 2010 میں لانچ کی گئی تھی، مگر آئی پیڈ کے لیے اسے اب جاری کیا گیا ہے۔
ایپ میں ایک نیا “فالوونگ” ٹیب بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں تین حصے شامل ہیں: “آل”، “فرینڈز”، اور “لیٹیسٹ”۔ فی الحال یہ فیچر صرف آئی پیڈ ایپ میں دستیاب ہے، لیکن مستقبل میں دیگر ڈیوائسز کے لیے بھی متعارف کروایا جا سکتا ہے۔
انسٹا گرام ایپ ایپل ایپ اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے، تاہم اس کے لیے ضروری ہے کہ آئی پیڈ کا آپریٹنگ سسٹم iPadOS 15.1 یا اس سے جدید ورژن ہو۔